وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں امراضِ گردہ کے مریضوں کو علاج معالجے اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے میں 28 ڈائیلاسز مراکز قائم کردیئے ہیں جبکہ باقی ماندہ اضلاع میں بھی رواں سال کے اختتام تک مزید ڈائیلاسسز مراکز قائم اور فعال کردئے جائیں گے
زیارت میں امراضِ گردہ کا مرکز فعال کر دیا گیا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 26 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں امراضِ گردہ کے مریضوں کو علاج معالجے اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے میں 28 ڈائیلاسز مراکز قائم کردیئے ہیں جبکہ باقی ماندہ اضلاع میں بھی رواں سال کے اختتام تک مزید ڈائیلاسسز مراکز قائم اور فعال کردئے جائیں گے ۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈائیلاسسز مراکز کے قیام کا مقصد گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو ان کے اپنے علاقوں میں علاج کی سہولت فراہم کرنا اور انہیں ڈائیلاسسز کیلئے دور دراز شہروں کا سفر کرنے کی مشکل سے نجات دلانا ہے ،اس سلسلے میں ضلع زیارت میں امراضِ گردہ کا مرکز فعال کردیا گیا ہے، جہاں مریضوں کو ڈائیلاسسز سمیت ضروری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق باقی ماندہ اضلاع میں بھی ڈائیلاسسز مراکز کے قیام اور فعال بنانے کا عمل جاری ہے، جسے رواں سال کے اختتام تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی بنیادی و ضروری سہولیات کی فراہمی سے مقامی سطح پر مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی اور انہیں پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔








