صحت مند دل،صحت مند پنجاب ہمارا عزم ہے،وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صحت مند دل،صحت مند پنجاب ہمارا عزم ہے،دل کے امراض سے بچائو کے لیے احتیاط علاج سے بہتر ہے اور طرزِ زندگی میں صحت مند تبدیلی ضروری ہے

لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صحت مند دل،صحت مند پنجاب ہمارا عزم ہے،دل کے امراض سے بچائو کے لیے احتیاط علاج سے بہتر ہے اور طرزِ زندگی میں صحت مند تبدیلی ضروری ہے۔عالمی یومِ قلب کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دل کے امراض کے علاج اور مریضوں کی خدمت پر ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سنٹرز کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے6 اضلاع میں قائم کیتھ لیبز میں امراض قلب میں مبتلا 7,294 مریضوں کے کامیاب پروسیجرز کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جہلم،جھنگ، وہاڑی، قصور، میانوالی اور بہاولنگر کی کیتھ لیبز میں4,448 مریضوں کی انجیو گرافی جبکہ 2,763 افراد کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کی کیتھ لیب میں دو مریضوں کو کامیابی سے عارضی پیس میکر بھی لگائے گئے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ8 اضلاع میں نومبر جبکہ مزید 7 اضلاع میں فروری تک کیتھ لیبز قائم کر دی جائیں گی۔

پنجاب کے ہر ڈویژن میں سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت تمام دل کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کے لیے مفت ادویات،مفت سٹنٹ اور مفت بائی پاس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتالوں میں بلڈ پریشر اور شوگر کی مفت سکریننگ کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ سے جنک فوڈ اور سگریٹ نوشی سے پرہیز کی اپیل کرتے ہوئے سکولوں میں بچوں کی ہارٹ ہیلتھ اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے خواتین میں دل کے امراض سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور بروقت احتیاطی اقدامات سے دل کے امراض سے بچائو ممکن ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کے ہر شہری کو دل کے امراض سے محفوظ اور صحت مند زندگی فراہم کریں گے۔