ایس پی سکیورٹی کی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات

ایس پی سکیورٹی اصغر علی گورائیہ نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ضروری احکامات جاری کیے

راولپنڈی ۔29ستمبر (اے پی پی):ایس پی سکیورٹی اصغر علی گورائیہ نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ضروری احکامات جاری کیے۔پولیس ترجمان کے مطابق کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں پر ایس پی سکیورٹی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مارک کردہ درخواستوں پر مقررہ ٹائم فریم کے اندر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔

ایس پی سکیورٹی اصغر علی گورائیہ نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے فوری حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تھانوں میں شہریوں کے لیے بہترین سروس ڈیلیوری کو ہر وقت یقینی بنایا جائے اور عوامی شکایات پر قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔