ایس ایم بی بی ایم یو لاڑکانہ میں یومِ دفاع کے سلسلے میں کھیلوں کے مقابلے، طلبہ کی بھرپور شرکت

شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے زیر اہتمام یومِ دفاع کے سلسلے میں کرکٹ، فٹبال اور تھرو بال کے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی

لاڑکانہ۔ 29 ستمبر (اے پی پی):شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے زیر اہتمام یومِ دفاع کے سلسلے میں کرکٹ، فٹبال اور تھرو بال کے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے طلبہ کی کھیلوں میں بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں جسمانی، ذہنی اور سماجی صحت کیلئے انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی کا نیا جمنازیم جلد فعال کرکے اسے جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، جس سے طلبہ اور فیکلٹی بھرپور استفادہ کرسکیں گے۔مقابلوں کے نتائج کے مطابق کرکٹ میں سی ایم سی بیچ 53، فٹبال میں سی ایم سی بیچ 52 جبکہ گرلز تھرو بال اور فٹبال کے مقابلوں میں فارمیسی کالج نے کامیابی حاصل کی۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے۔

تقریب کے اختتام پر طلبہ کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جبکہ شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔