پنجاب یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف انگلش لینگویج ٹیچنگ اینڈ لنگوئسٹکس کے زیر اہتمام فری لنگوئسٹکس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جسکا مقصد مختلف تعلیمی اداروں کے مابین فکری اشتراک اور تعلیمی روابط کو فروغ دینا تھا
پنجاب یونیورسٹی،انگلش لینگوئج ٹیچنگ اینڈ لنگوئسٹکس کے زیر اہتمام کانفرنس کا انعقاد
لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف انگلش لینگویج ٹیچنگ اینڈ لنگوئسٹکس کے زیر اہتمام فری لنگوئسٹکس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جسکا مقصد مختلف تعلیمی اداروں کے مابین فکری اشتراک اور تعلیمی روابط کو فروغ دینا تھا۔کانفرنس کے دوران یونیورسٹی آف سڈنی کے پروفیسر احمر محبوب نے ایک اہم نظریاتی نکتہ پیش کرتے ہوئے شرکا پر زور دیا کہ کانفرنس کو ایک جامد تصور سمجھنے کے بجائے ایک عملی اقدام سمجھا جائے،جہاں شرکا باہم تبادلہ خیال کے ذریعے حقیقی مسائل کا پائیدار حل تلاش کریں۔اس فکر انگیز تجویز کو شرکا کی جانب سے انتہائی پذیرائی ملی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اس منفرد اور عملی ویژن کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں جامعات کی سطح پر منعقد ہونے والی تمام کانفرنسوں کو مزید موثراور عملی بنایا جائے گاتاکہ ان علمی پلیٹ فارمز کے ذریعے ملک کے حقیقی اور درپیش مسائل کے عملی حل نکالے جا سکیں۔
کانفرنس میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر ممتاز ماہرین نے بحیثیتِ مقرر شرکت کی،جن میں اوزگور تاشکن، زبیر طوروالی (بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر، بی ٹی)، ڈاکٹر ونسنٹ گرینیر (سینئر لیکچرار، لنگوئسٹکس اینڈ ٹیسول، یونیورسٹی آف ایبرڈین)، ڈاکٹر فاطمہ سجاد (اسسٹنٹ پروفیسر پولیٹیکل سائنس، یو ایم ٹی لاہور)اور کیرولین (محقق، اپلائیڈ لنگوئسٹکس) شامل تھے۔ انتظامی امور کے فرائض انجام دینے والے میزبانوں میں ڈاکٹر عبد القیوم چوہدری(ڈائریکٹر آئی ای آر، یونیورسٹی آف دی پنجاب)، ڈاکٹر محمد اسلام (چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ای ایل ٹی اینڈ لنگوئسٹکس،یونیورسٹی آف دی پنجاب)،ڈاکٹرماریہ فاطمہ ڈوگر (لیکچرار ڈی ایل ایل اینڈ لنگوئسٹکس و کنوینر)، ڈاکٹر نادیہ ماجد (کنوینر)، ڈاکٹر حافظ نعمان احمد (ایسوسی ایٹ پروفیسر اینڈ ہیڈ انگلش، مسٹ گجرات و کوآرڈینیٹر) شامل تھے۔اس موقع پرڈاکٹر محمد اسلام نے معزز مہمانوں، مقررین اور شرکا کاکانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔








