وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے سیکٹر کمانڈر ایس سی او کی ملاقات، 5G سروس کے آغاز اور انٹرنیٹ سہولیات کی اپ گریڈیشن پر پیش رفت کا جائزہ لیا

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے سیکٹر کمانڈر ایس سی او کرنل کاشف نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے میں مواصلاتی نظام کی بہتری اور 5G سروس کے آغاز کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

گلگت۔ 29 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے سیکٹر کمانڈر ایس سی او کرنل کاشف نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے میں مواصلاتی نظام کی بہتری اور 5G سروس کے آغاز کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران سیکٹر کمانڈر نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپیشل کمیونی کیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) گلگت بلتستان میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متحرک ہے۔ تمام اضلاع خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ خطے میں تیز ترین 5G سروسز کی فراہمی کے لیے بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں مواصلاتی رابطہ بحال رکھنے میں ایس سی او کا مثبت کردار ہے، تاہم موجودہ دور کی ضروریات کے پیش نظر انٹرنیٹ کی سہولیات کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔معیاری انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث طالب علموں کو تعلیمی سرگرمیوں اور تاجر برادری کو روزمرہ کے امور میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ دور دراز کے عوام کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر انٹرنیٹ کی فراہمی اور اپ گریڈیشن کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔