پی ایچ اے سیالکوٹ موسم بہار کے لیے پھول دار پنیری تیار کر رہی ہے، ترجمان

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) سیالکوٹ نے شہر اقبال کو موسم بہار میں رنگا رنگ پھولوں سے سجانے کے لیے بڑے پیمانے پر پھول دار پنیری کی تیاری شروع کر دی ہے

سیالکوٹ۔ 30 ستمبر (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) سیالکوٹ نے شہر اقبال کو موسم بہار میں رنگا رنگ پھولوں سے سجانے کے لیے بڑے پیمانے پر پھول دار پنیری کی تیاری شروع کر دی ہے۔ بدھ کو ترجمان پی ایچ اے کے مطابق شہر کے مختلف پارکس، گرین بیلٹس، مرکزی شاہراہوں، چوکوں، پارکوں سمیت دیگر اہم مقامات پر موسم بہار کے دوران خوبصورت پھولوں کی نمائش کے لیے ابھی سے پنیری کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پی ایچ اے نرسریوں میں مختلف اقسام کے موسمی پھولوں کی پنیری تیار کر رہی ہے جسے مناسب وقت پر شہر کے مختلف گرین ایریاز میں منتقل کیا جائے گا۔ پنیری کی تیاری کے دوران پودوں کی بہتر نشوونما کے لیے آبپاشی، کھاد، گوڈی سمیت دیگر ضروری ہارٹیکلچر امور پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر اقبال کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صحت مند، سرسبز ماحول کی فراہمی پی ایچ اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ موسم بہار کی آمد پر شہر کے مختلف حصوں میں پھولوں کی نمائش کے ذریعے سیالکوٹ کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق پی ایچ اے کی جانب سے شجرکاری، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش، پارکس کی دیکھ بھال سمیت شہر کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لیے سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

مزید خبریں