کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت کرکٹ میچوں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ اجلاس
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت کرکٹ میچوں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
راولپنڈی۔3اکتوبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 4 اکتوبر سے 13 نومبر تک پاکستان، سری لنکا ٹی 20 اور ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کے میچوں کے لیے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کرکٹ میچوں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی 20 اور ٹرائی نیشن سیریز کے دوران مہمان کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات اور مہمان نوازی و امن پسندی کا مثبت تاثر ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بھی قومی مفاد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ اجلاس میں پی ایس ایل حکام، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ایس ایس پی آپریشنز، ڈی جی پی ایچ اے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ میچوں کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکیورٹی کے پیش نظر کرکٹ سٹیڈیم سے ملحقہ فوڈ سٹریٹ 3 اکتوبر سے بند کر دی گئی ہے جبکہ ڈبل روڈ اور سٹیڈیم کے اطراف سڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔
روٹس پر موجود تمام سٹریٹ لائٹس کی بھی مرمت کی گئی ہے۔ بریفنگ کے مطابق سٹیڈیم میں واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور داخلی راستے پر نادرا ویری فکیشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں جبکہ راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انتظامات کی نگرانی کے لیے سپورٹس کمپلیکس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جبکہ سیف سٹی کیمروں کے علاوہ مزید 200 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ میچوں کے دوران PKLI میں 30 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی فیلڈ ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے راول پارک کے کھلے علاقے اور سیٹلائٹ ٹاؤن کالج میں پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو کرکٹ سٹیڈیم کے داخلی راستے تک پہنچایا جائے گا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ سٹیڈیم میں موجود رہے گا جبکہ آئیسکو کی جانب سے میچز کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ سٹیڈیم کے قریب فرسٹ ایڈ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی ہمہ وقت موجود رہیں گی۔ سٹیڈیم کی صفائی ستھرائی کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ بھی فرائض انجام دے گا۔







