ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ

راولپنڈی۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دانیال چوہدری کی زیر صدارت راولپنڈی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس لگاتار دوسرے دن ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں ضلع راولپنڈی میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں، ان پر پیش رفت، فنڈز کے اجرا و استعمال اور مختلف ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے تحت ضلع راولپنڈی کے 145 منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ

بریفنگ کے مطابق ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 312.576 ارب روپے ہے جن میں 140 جاری جبکہ 5 نئے منصوبے شامل ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں مختلف ترقیاتی پروگراموں، اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی آمدن، SAP-VIII اور بیوٹیفکیشن منصوبوں سمیت مجموعی طور پر 297 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جن کی مجموعی لاگت 323.835 ارب روپے ہے۔اجلاس میں سڑکوں، صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، کھیلوں، شہری سہولیات اور دیگر شعبوں سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے منصوبوں کے لیے مختص و جاری شدہ فنڈز، اخراجات، تکمیل کی شرح اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام متعلقہ محکمے منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائیں اور ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی فیلڈ میں باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے، فنڈز کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کام کی رفتار میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا اصل مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ضلع میں بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

تمام منصوبوں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ افسران منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے واضح ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دانیال چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضلعی سطح پر مربوط اقدامات کیے جائیں گے۔ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا ضروری ہے تاکہ شہری ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کو مقررہ مقاصد کے مطابق مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے اور عوامی اہمیت کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر، ارکان صوبائی اسمبلی ملک افتخار احمد اور ملک منصور، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو مزید تیز کرنے اور نئے منصوبوں پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

مزید خبریں