اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش پاکستان روانہ، پاک امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کے ثالثی کردار پر بات چیت ہوگی

قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اتوار کی شب نیویارک سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں

اقوام متحدہ ۔5اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اتوار کی شب نیویارک سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ چار روزہ دورے کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے ثالثی کردار، دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان کی ’’تعمیری کوششوں‘‘ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کے دوران ان کی وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوں گی۔ وہ صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے گزشتہ برسوں کے دوران خود دیکھا ہے کہ پاکستان نے کس طرح دوسروں کا ساتھ دیا، اپنے شہریوں کو اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے کے لیے آگے بھیجا اور ایسے وقت میں سفارت کاری اور ثالثی کے ذریعے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا جب مکالمے کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔

اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ یہی جذبہ گزشتہ برسوں میں بارہا دیکھنے میں آیا ہے اور یہ عالمی برادری کے لیے پاکستان کی نمایاں خدمات میں سے ایک ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مشرق وسطیٰ کے تنازع کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو مسلسل سراہا ہے، جن کے نتیجے میں جنگ بندی کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت طے پائی۔گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی مباحثے سے قبل اپنی آخری پریس کانفرنس میں گوتریش نے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جنگ کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی جانب واپسی پر زور دیا تھا۔

انتونیو گوتریش رواں سال کے اختتام پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ وہ اس منصب پر پانچ، پانچ سال کی دو مدتیں مکمل کر چکے ہیں۔سیکرٹری جنرل کا آخری دورہ پاکستان 2022 میں ہوا تھا جب ملک کے وسیع علاقوں کو تباہ کن مون سون سیلاب کا سامنا تھا۔ اس وقت ان کا دورہ سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے طور پر کیا گیا تھا جس نے متاثرہ عوام پر گہرا اثر چھوڑا۔موجودہ دورے کے دوران گوتریش ایک بار پھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کریں گے اور سیلاب کے بعد قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور موسمیاتی خطرات کے مقابلے میں پاکستان کی استعداد اور مضبوطی میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی) کے ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کریں گے، جو متنازع جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کی نگرانی کرتا ہے۔انتونیو گوتریش کے جمعرات کو نیویارک واپس پہنچنے کا امکان ہے۔