ہر شہری کو ایمرجنسی میں بروقت اور معیاری سروس کی فراہمی کا احساس تحفظ ملنا چاہئے،صوبائی وزیر

وزیر ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں 15ویں نیشنل ریسکیو چیلنج 2026 کا افتتاح کیا۔اس قومی سطح کے چیلنج میں پاکستان بھر سے 14 ٹیموں نے حصہ لیا۔ان ٹیموں میں خیبر پختونخوا سے مالاکنڈ اور پشاور، سندھ سے غازی اور شاہ لطیف، سی ڈی اے اسلام آباد، لاہور سے سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژنز نے حصہ لیا۔ ریسکیورز …

لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں 15ویں نیشنل ریسکیو چیلنج 2026 کا افتتاح کیا۔اس قومی سطح کے چیلنج میں پاکستان بھر سے 14 ٹیموں نے حصہ لیا۔ان ٹیموں میں خیبر پختونخوا سے مالاکنڈ اور پشاور، سندھ سے غازی اور شاہ لطیف، سی ڈی اے اسلام آباد، لاہور سے سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژنز نے حصہ لیا۔ ریسکیورز فائر فٹنس، کیبل کارٹ و ہائٹ ریسکیو، واٹر ریسکیو، ڈیپ ویل ریسکیو، سوئمنگ اور ٹراما مینجمنٹ سمیت مختلف ڈسپلنز میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی فٹنس، ٹیم ورک اور تکنیکی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

یہ چیلنج5 تا7 اکتوبر2026 تک جاری رہے گا۔یہ قومی سطح کا ایونٹ ریسکیو ٹیموں کے درمیان پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے، باہمی رابطے، ٹیم ورک اور ایمرجنسی رسپانس کے یکساں معیار کو مزید بہتر بنانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ریسکیورز نے رنگ و نسل، مذہب و قوم سے بالا تر ہو کر انسانیت کو بچانے کیلئے اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تمام صوبوں میں ایمرجنسی سروسز کا قیام خوش آئند ہے۔ ہر شہری کو کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت اور معیاری سروس کی فراہمی کا احساس تحفظ ملنا چاہئے۔ریسکیو سروس شہریوں کے رائٹ ٹو لائف اور رائٹ ٹو ایمرجنسی کیئر کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

نیشنل ریسکیو چیلنج میں شریک تمام ٹیمیں اپنے علاقائی اور صوبائی مقابلے جیت کر یہاں پہنچی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ نیشنل ریسکیو چیلنج میں شریک تمام ٹیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ زندگی بچانے سے بڑھ کر کوئی نیک مقصد نہیں۔ پاکستان ریسکیو ٹیم کی انسراگ سرٹیفیکیشن پورے پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے ریسکیورز کی عالمی معیار کے مطابق تربیت کا معیار قائم کیا ہے۔ ریسکیو 1122 اب تک دو کروڑ سے زائد افراد کو ریسکیو کر چکی ہے۔