یونیورسٹی آف سرگودھا میں طلباء و طالبات کے لیے شٹل سروس کا آغاز کر دیا گیا

وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کی خصوصی ہدایت پر طلباء و طالبات کو سفری سہولیات کی فراہمی، آمدورفت کو آسان بنانے اور ان کے قیمتی وقت کی بچت کے لیے یونیورسٹی کی شٹل سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے

سرگودھا۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کی خصوصی ہدایت پر طلباء و طالبات کو سفری سہولیات کی فراہمی، آمدورفت کو آسان بنانے اور ان کے قیمتی وقت کی بچت کے لیے یونیورسٹی کی شٹل سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کی طلبہ دوست پالیسی کے تحت شروع کی جانے والی اس سروس سے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو نمایاں سہولت میسر آئیں گی۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کے ٹرانسپورٹ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق شٹل سروس کا رُوٹ سرگودھا سٹیڈیم سے جامع گرلز سکول، رحمان پلازہ اور وہاں سے یونیورسٹی گیٹ نمبر 2 تک مقرر کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق طلباء و طالبات کی سہولت اور یونیورسٹی کے اوقات کو مدِنظر رکھتے ہوئے شٹل سروس صبح کے اوقات میں دو شفٹوں میں چلائی جائے گی۔ پہلی بس صبح 7 بج کر 15 منٹ جبکہ دوسری بس صبح 7 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی روزمرہ ضروریات کو مدنظر رکھنا موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اسی سلسلے میں سفری سہولت کی فراہمی کے لیے شٹل سروس کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو یونیورسٹی پہنچنے میں آسانی ہو اور وہ اپنے تعلیمی امور پر زیادہ توجہ دے سکیں۔شٹل سروس کے آغاز پر طلباء و طالبات اور اُن کے والدین نے یونیورسٹی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ طلبہ و طالبات نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شٹل سروس کا اجرا انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کی ضروریات کو ترجیح دینے اور ان کے لیے سہولیات میں اضافے کی عملی مثال ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے تعلیمی، انتظامی اور سفری سہولیات میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جبکہ طلبہ کی ضروریات اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں سفری سہولت کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

 

مزید خبریں