سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان کی زیرِ صدارت اجلاس،صحافیوں کی رجسٹریشن و تصدیق کے عمل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت

سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان رحمان شاہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا،جس کا بنیادی مقصد خطے میں کام کرنے والے صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، مروجہ قوانین کے تحت ان کی اجرتوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا اور صحافتی شعبے میں درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا تھا

گلگت۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان رحمان شاہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا،جس کا بنیادی مقصد خطے میں کام کرنے والے صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، مروجہ قوانین کے تحت ان کی اجرتوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا اور صحافتی شعبے میں درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا تھا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فاروق احمد ، گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور گلگت بلتستان یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران، نمائندے اور ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ​اجلاس میں غزر پریس کلب کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر غور و خوض کیا گیا اور اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ تمام اضلاع میں صحافیوں کی باقاعدہ تقرری کو کس طرح ممکن بنایا جائے تاکہ ان کے معاشی تحفظ اور اجرت کی یکساں ادائیگی کو قانونی دائرہ کار میں لایا جا سکے۔

​اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان نے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ صحافتی تنظیموں کے ساتھ روابط اور تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کئےجائیں اور ان کی رجسٹریشن و تصدیق (ایکریڈیشن) کے عمل کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ سیکرٹری اطلاعات نے ہدایت کی کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار لانے اور ان کے مشاہداتی دائرے کو وسیع کرنے کے لیے معلوماتی اور مطالعاتی دوروں کے فوری انتظامات کیے جائیں تاکہ وہ جدید صحافتی تقاضوں سے آراستہ ہو کر خطے کی بہترین ترجمانی کر سکیں۔

 

مزید خبریں