گوجرانوالہ ،قرآنی آیات مختلف خوبصورت انداز میں پیش، فنکاروں، ادیبوں اور شہریوں کی شرکت

پنجاب کونسل آف دی آرٹس، گوجرانوالہ ڈویژن کے زیرِ اہتمام معروف کاتبِ قرآن محمد خاور جاوید بٹ کے فن پاروں پر مشتمل قرآنی خطاطی کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

گوجرانوالہ ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس، گوجرانوالہ ڈویژن کے زیرِ اہتمام معروف کاتبِ قرآن محمد خاور جاوید بٹ کے فن پاروں پر مشتمل قرآنی خطاطی کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں قرآنِ کریم کی آیات کو مختلف خوبصورت اور دلکش خطاطی کے انداز میں پیش کیا گیا، جس نے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، فنکاروں، ادیبوں، خطاطوں اور شہریوں نے شرکت کی اور نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کا مشاہدہ کیا۔ شرکاء نے محمد خاور جاوید بٹ کی فنی مہارت، خوبصورت خطاطی اور قرآنِ کریم سے عقیدت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں اسلامی فنون اور بالخصوص قرآنی خطاطی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پر مقررین نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس، گوجرانوالہ ڈویژن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل گوجرانوالہ ڈویژن میں فنونِ لطیفہ، ادب، ثقافت، خطاطی اور دیگر تخلیقی شعبوں کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کا کردار ادا کر رہی ہے۔ کونسل کی جانب سے مقامی فنکاروں، ادیبوں، خطاطوں اور ہنرمندوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے نہ صرف نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے بلکہ خطے کے شاندار ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس گوجرانوالہ ڈویژن کی جانب سے منعقدہ ادبی، ثقافتی اور فنی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت اور تعمیری سوچ کے فروغ کا ذریعہ بن رہی ہیں۔ کونسل نوجوان نسل کو اپنی تہذیب، ثقافت، ادب اور فنونِ لطیفہ سے جوڑنے کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کر رہی ہے۔ مختلف نمائشوں، ادبی نشستوں، ثقافتی پروگراموں اور فنکارانہ سرگرمیوں کے ذریعے مقامی فنون کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششیں بھی قابلِ ستائش ہیں۔اس موقع پر کہا گیا کہ قرآنی خطاطی محض ایک فن نہیں بلکہ قرآنِ کریم سے محبت، عقیدت اور روحانی وابستگی کے اظہار کا خوبصورت ذریعہ ہے۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس گوجرانوالہ ڈویژن اسلامی فنون اور ثقافتی روایات کے فروغ کے ساتھ ساتھ فنکاروں کو باوقار اور مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے اپنی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کر رہی ہے۔نمائش میں آنے والے افراد نے فن پاروں کو بے حد پسند کیا اور کاتبِ قرآن محمد خاور جاوید بٹ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس گوجرانوالہ ڈویژن کی جانب سے ایسی خوبصورت اور بامقصد سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ادب، فن، ثقافت، خطاطی اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اس نوعیت کے پروگرام مسلسل منعقد کیے جاتے رہیں گے۔

مزید خبریں