وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا میر صادق عمرانی، میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم خان کھوسہ اور میر شعیب نوشیروانی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مختلف شعبوں میں اصلاحات اور محکموں کی گزشتہ ڈھائی سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس، تمام محکموں کی کارکردگی کا جائزہ، اصلاحاتی اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا میر صادق عمرانی، میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم خان کھوسہ اور میر شعیب نوشیروانی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مختلف شعبوں میں اصلاحات اور محکموں کی گزشتہ ڈھائی سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی نے DHIS2 ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم کے نفاذ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل ڈیٹا رپورٹنگ اور رپورٹنگ کمپلائنس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ DHIS2 کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے پرائمری ہیلتھ کیئر کی ڈیجیٹلائزیشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، مقامی اختراعات اور تحقیق کو فروغ دیا جائے گا۔
سیکرٹری صحت نے اپنے حالیہ دورہ اوسلو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح کے فورم پر بلوچستان حکومت کے ڈیجیٹل ہیلتھ اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا گیا، جبکہ بلوچستان میں DHIS2 کے موثر نفاذ اور ڈیٹا کے استعمال کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف اوسلو کے HISP سینٹر کے تعاون سے مشترکہ تحقیق، تکنیکی تبادلوں اور بلوچستان کے ڈیجیٹل ہیلتھ ماڈل کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں محکمہ صحت میں ایک مضبوط DHIS2 کور ٹیم کی تشکیل اور متعلقہ عملے کی استعداد کار میں اضافے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکموں کی گزشتہ ڈھائی سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں جاری اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے میرٹ کے فروغ اور اے آئی بیسڈ بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی نظام کو عوامی خدمات کی بہتری کے لیے مزید موثر انداز میں بروئے کار لانے پر زور دیا۔
اجلاس میں شریک صوبائی وزرانے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر قیادت صوبائی حکومت کی گزشتہ ڈھائی سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات، میرٹ کے فروغ، شفافیت اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں بہتری، ادارہ جاتی اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے اہم پہلو ہیں۔ انہوں نے اے آئی بیسڈ بھرتیوں اور میرٹ پر مبنی نظام کو صوبے کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا۔ صوبائی وزرانے وزیر اعلی بلوچستان کی قیادت میں جاری اصلاحات کے عمل کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔








