گوجرانوالہ،پنجاب کالجز گوجرانوالہ اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گجرانوالہ کے اشتراک سے ٹیچر ڈے کے حوالے سے تقریب منعقد

پڑھنے پڑھانے اور کردار سازی کے ایکو سسٹم کو ایک استاد ہی بہتر بنا سکتا ہے اس لیے استاد کو پڑھاتے وقت بڑے مقصد پر فوکس کرنا چاہیے تاکہ ایک طالب علم معاشرے کے لیے سود مند بن سکے کیونکہ یہ ایک استاد کی قومی اور مذہبی ذمہ داری بھی ہے

گوجرانوالہ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):پڑھنے پڑھانے اور کردار سازی کے ایکو سسٹم کو ایک استاد ہی بہتر بنا سکتا ہے اس لیے استاد کو پڑھاتے وقت بڑے مقصد پر فوکس کرنا چاہیے تاکہ ایک طالب علم معاشرے کے لیے سود مند بن سکے کیونکہ یہ ایک استاد کی قومی اور مذہبی ذمہ داری بھی ہے ۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن گجرانوالہ تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقصی شبیر نے پنجاب کالجز گوجرانوالہ اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گجرانوالہ کے اشتراک سے ٹیچر ڈے کے حوالے سے پی جی سی یونیورسٹی کیمپس کے ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق ،کنٹرولر امتحانات گجرانوالہ بورڈ چوہدری ندیم احمد، سیکرٹری بورڈ پروفیسر رشید احمد بھٹی،ریسرچ اینڈ کوارڈینیشن آفیسر عاطف امداد تارڑ و دیگر بورڈ افسران، پرنسپل پنجاب کالجز محمد سلمان ڈین یونیورسٹی کیمپس شاہد سلیم خواجہ، ہیڈ بی ایس پروگرامز شمیم اختر گورنمنٹ اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ بھی موجود تھے تقریب کے آغاز پر تلاوت قران پاک نعت رسول اور قومی ترانہ کے بعد اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اقصی شبیر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق نے اپنے رفقاء اور اساتذہ کے ہمراہ ایک خوبصورت کیک بھی کاٹا۔

اس پر وقار تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن گجرانوالہ تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اقصی شبیر نے مزید کہا کہ استاد کا کردار معاشرہ سازی میں ہمیشہ رہا ہے اور رہے گا انہوں نے کہا کہ اے ائی کبھی بھی استاد کا متبادل نہیں ہو سکتا آج بھی استاد کا کردار لازمی ہے چیئرمین بورڈ نے شاندار اور پروقار تقریب منعقد کروانے پر پنجاب کالجز کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد شہزاد رفیق کا شکریہ ادا کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد شہزاد رفیق نے کہا کہ استاد ایک طرح کا تخلیق کار ہوتا ہے جو طلبہ کے ذہنوں کے بند دریچوں کو کھولتا ہے استاد بچوں کو کھلی آنکھوں سے خواب دیکھنا سکھاتا ہے تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق نے چیئر پرسن بورڈ ڈاکٹر اقصی شبیر ،کنٹرولر بورڈ ندیم احمد اور سیکرٹری بورڈ رشید احمد بھٹی کو کالج کی طرف سے سوینئر بھی دی دیئے جبکہ اس موقع پر تمام اساتذہ کو سوینئر تقسیم کیے گئے اور پھولوں کے گلدستے پیش کر کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔