گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مری میں عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ’’ٹیچر ایکسی لینس ایوارڈ 2026‘‘ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
مری میں ٹیچر ایکسی لینس ایوارڈ 2026 کی تقریب، غیر معمولی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ہیرو ایوارڈز سے نوازا گیا
راولپنڈی ۔5اکتوبر (اے پی پی):گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مری میں عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ’’ٹیچر ایکسی لینس ایوارڈ 2026‘‘ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے اشتراک سے ’’تعلیم پروگرام‘‘ کے تحت منعقدہ تقریب کا بنیادی مقصد تعلیمی میدان میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ’’ہیرو ایوارڈز‘‘ سے نوازنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) مری نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں قوم کا حقیقی معمار قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے انتظامیہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور انہیں سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی سے تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔ تقریب کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ اساتذہ کی خدمات کے اعتراف، ان کی حوصلہ افزائی، معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں مثبت و سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔









