سرگودہا،تھانہ کوٹ مومن کی حدود میں پولیس مقابلہ، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت3 پولیس اہلکار زخمی

تھانہ کوٹ مومن کی حدود میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس ترجمان کے مطابق کوٹ مومن پولیس کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی

سرگودھا۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):تھانہ کوٹ مومن کی حدود میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس ترجمان کے مطابق کوٹ مومن پولیس کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ کوٹ مومن انصر عباس، سب انسپکٹر فیاض اور ڈرائیور کانسٹیبل لیاقت زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودہا منتقل کیا۔انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔آر پی او سرگودہا سہیل اختر سکھیر ا اور ڈی پی او سرگودہا توقیر محمد نعیم نے ہسپتال پہنچ کر زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے زخمی اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج سے متعلق افسران کو بریفنگ دی گئی۔

مزید خبریں