عزیز فاطمہ ہسپتال فیصل آباد میں سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے زیرِ اہتمام ٹریفک آگاہی سیمینار اور کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی
عزیز فاطمہ ہسپتال فیصل آباد میں ٹریفک آگاہی سیمینار اور کھلی کچہری کا انعقاد

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):عزیز فاطمہ ہسپتال فیصل آباد میں سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے زیرِ اہتمام ٹریفک آگاہی سیمینار اور کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔ترجمان سی ٹی او نے بتایا کہ سیمینار میں ہسپتال کے ڈاکٹرز، میڈیکل طلبہ اور اسٹاف نے شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی، محفوظ ڈرائیونگ، ہیلمٹ کے استعمال، لین ڈسپلن اور سڑک پر ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد صرف چالان سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
ہر شہری کا ذمہ دارانہ ٹریفک رویہ سڑکوں کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔سیمینار کے دوران ڈاکٹرز، میڈیکل طلبہ اور ہسپتال کے اسٹاف نے ٹریفک قوانین اور شہریوں کو درپیش ٹریفک مسائل سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے، جن کے چیف ٹریفک آفیسر نے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دیے۔چیف ٹریفک آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد شہریوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کے لیے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔








