خصوصی عدالت میں سدرہ عرب قتل کیس کی سماعت ، مقدمہ سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم

انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے مشہور سدرہ عرب قتل کیس میں 10 ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات ختم کرتے ہوئے پراسیکیوشن کی جانب سے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کی درخواست خارج کردی

راولپنڈی۔7اکتوبر (اے پی پی):انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے مشہور سدرہ عرب قتل کیس میں 10 ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات ختم کرتے ہوئے پراسیکیوشن کی جانب سے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کی درخواست خارج کردی اور مقدمہ باقاعدہ ٹرائل کے لئے سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے فریقین کے وکلا ء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

ملزمان اجمل خان، ضیا ء الرحمان، خیال محمد، محمد سہیل، عبدالسلام، ثنا ء اللہ، عرب گل، گل بادشاہ، امیر خان اور سکندر عدالت میں موجود تھے۔ ملزمان پر جواں سال سدرہ عرب کو مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر غیرت کے نام پر قتل کرکے لاش دفن کرنے اور قبر کے نشانات مٹانے کا الزام ہے جبکہ مقدمے میں مقتولہ کے والد، بھائی، چچا اور دیگر افراد بھی نامزد ہیں۔