اکتوبر بریسٹ کینسر آگاہی ماہ، خواتین کو بروقت تشخیص کی ترغیب

اکتوبر کو بریسٹ کینسر آگاہی ماہ کے طور پر منانے کا مقصد خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص و علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی کے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں آگاہی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں

راولپنڈی۔7اکتوبر (اے پی پی):اکتوبر کو بریسٹ کینسر آگاہی ماہ کے طور پر منانے کا مقصد خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص و علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں راولپنڈی کے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں آگاہی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں خواتین کو بریسٹ کینسر کی علامات، احتیاطی تدابیر اور طبی معائنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جواد زاہد نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آگاہی ڈیسک پر خواتین کو بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ مشتبہ علامات کی صورت میں ضروری طبی معائنہ اور متعلقہ ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں

تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ چھاتی میں گانٹھ یا سختی، حجم یا شکل میں غیرمعمولی تبدیلی، جلد میں تبدیلی، نپل کی ساخت میں فرق جیسی علامات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے اور ایسی کسی بھی تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ڈاکٹر جواد نے خواتین پر زور دیا کہ وہ بیماری کے حوالے سے جھجھک اور خوف کو ترک کرتے ہوئے اپنی صحت پر توجہ دیں اور کسی بھی غیرمعمولی علامت کی صورت میں قریبی تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے آگاہی ڈیسک سے رجوع کریں۔

 

مزید خبریں