سمس ہسپتال میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار اور واک، بروقت تشخیص پر زور

شہدادپور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز اور نورین کینسر اسپتال نواب شاہ کے باہمی تعاون سے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکٹروں، طبی ماہرین اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی

حیدرآباد۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):شہدادپور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز اور نورین کینسر اسپتال نواب شاہ کے باہمی تعاون سے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکٹروں، طبی ماہرین اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نورین کینسر اسپتال نواب شاہ کی ڈائریکٹر سردار خاتون چانڈیو نے کہا کہ پاکستان میں ہر نو خواتین میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر کا شکار ہو رہی ہے، جو تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ نورین کینسر اسپتال میں کینسر کی تشخیص، علاج اور آپریشن سمیت مختلف طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سِمس اسپتال شہدادپور کا دورہ کیا اور اسپتال کی کارکردگی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا، جس پر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے خواتین میں شعور اجاگر کرنا اور مرض کی بروقت تشخیص کے لیے آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔

اس موقع پر سِمس اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بشیر احمد جمالی، ڈاکٹر محمد نواز ابڑو، ڈاکٹر غلام اصغر چانڈیو، جہانگیر ڈاہری، ڈاکٹر خیرالنساء پٹھان، ڈاکٹر صنوبر عرفان، ڈاکٹر آغا مہتاب، ڈاکٹر ایاز خاصخیلی، نیاز جانی ڈیتھو اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات، احتیاطی تدابیر، باقاعدہ طبی معائنے، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ طبی ماہرین نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اختیار کریں اور جسم میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی یا علامت کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ مرض کی بروقت تشخیص اور علاج سے پیچیدگیوں کو کم کیا جاسکتا ہے۔ سیمینار کے اختتام پر بریسٹ کینسر کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک بھی نکالی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر خواتین کے بروقت طبی معائنے، تشخیص اور علاج کی اہمیت سے متعلق آگاہی پیغامات درج تھے۔

 

مزید خبریں