ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت میونسپل کارپوریشن راولپنڈی اور ڈسٹرکٹ کونسل کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بحالی، تعمیر و بہتری کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے تحت 9 اسکیمیں 1 ارب 67 کروڑ 76 لاکھ 70 ہزار روپے جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل راولپنڈی کے تحت 12 اسکیمیں 4 ارب 84 کروڑ 52 لاکھ 53 ہزار روپے کی لاگت سے شامل ہیں۔ راولپنڈی میں مجموعی طور پر 21 اسکیموں کی لاگت 6 ارب 52 کروڑ 29 لاکھ 23 ہزار روپے ہے، جن میں 18 اسکیمیں منظور شدہ ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر یا بحالی کے دوران مختلف محکموں اور اداروں کی جانب سے روڈ کٹنگ کی جاتی ہے، تاہم بعد ازاں کٹنگ والی جگہ کو مناسب طریقے سے بحال نہ کرنے کے باعث سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ روڈ کٹنگ کے بعد سڑک کی مکمل اور معیاری بحالی نہ کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔ متعلقہ محکمے اس امر کو یقینی بنائیں کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بھی اصل حالت میں بحال کیا جائے۔ اس حوالے سے غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے اور کام کے معیار، رفتار اور مقررہ ٹائم لائنز کی کڑی نگرانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات شہریوں تک بروقت پہنچنے چاہئیں۔اجلاس میں ضلع کونسل کے تحت مختلف تحصیلوں میں سڑکوں کی بحالی اور تعمیر کے منصوبوں کی پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔








