راولپنڈی میں پلاسٹک پابندی پر عملدرآمد، کامیاب تجربات سے آگاہی کیلئےاجلاس

گرین ایکشن ویک 2026 کے سلسلے میں دی نیٹ ورک فار کنزیومر پروٹیکشن کے زیر اہتمام راولپنڈی میں خصوصی سٹیک ہولڈرز اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیونٹی رہنماؤں

راولپنڈی۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):گرین ایکشن ویک 2026 کے سلسلے میں دی نیٹ ورک فار کنزیومر پروٹیکشن کے زیر اہتمام راولپنڈی میں خصوصی سٹیک ہولڈرز اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیونٹی رہنماؤں، پنجاب اسمبلی کے ارکان، ضلعی حکومت کے نمائندوں اور پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی راولپنڈی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پلاسٹک پابندی پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے مختلف شعبوں میں کامیابی سے نافذ کیے گئے اقدامات پر مبنی 10 ویڈیو دستاویزی کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا گیا۔ ان مثالوں میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور عوام سے براہ راست متعلقہ مختلف مقامات پر پلاسٹک پابندی پر عملدرآمد کو اجاگر کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ پلاسٹک پابندی کے قانون پر عملدرآمد مشکل یا پیچیدہ ہونے کا تاثر درست نہیں، کیونکہ آگاہی، ذمہ دارانہ کاروباری رویے، صارفین کے تعاون اور مؤثر نگرانی و نفاذ کے ذریعے قانون پر کامیابی سے عمل کیا جا سکتا ہے۔اجلاس کے دوران پالیسی سازوں، سرکاری افسران اور کمیونٹی نمائندوں کے درمیان اس امر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ موجودہ کامیاب طریقہ کار کو مزید علاقوں تک کیسے وسعت دی جا سکتی ہے اور عملدرآمد کے دوران درپیش چیلنجز کو کس طرح دور کیا جائے۔شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ گرین ایکشن ویک کا مقصد صرف پلاسٹک آلودگی کے مسئلے کو اجاگر کرنا نہیں بلکہ عملی حل، کامیاب تجربات اور اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینا بھی ہے۔

 

مزید خبریں