واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی نے ریونیو ریکوری مہم کے تحت ای بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن میں طویل عرصے سے واجبات ادا نہ کرنے والے کمرشل و گھریلو صارفین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کے لیے آخری مہلت دیدی
واسا راولپنڈی کی نادہندگان کے خلاف کارروائی، آخری مہلت دے دی

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی نے ریونیو ریکوری مہم کے تحت ای بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن میں طویل عرصے سے واجبات ادا نہ کرنے والے کمرشل و گھریلو صارفین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کے لیے آخری مہلت دیدی۔ایم ڈی واسا راولپنڈی عزیز اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر کی جانے والی کارروائی کی نگرانی سینئر اسپیشل مجسٹریٹ واسا عامر اشفاق قریشی، ڈائریکٹر فنانس اینڈ ریونیو طاہر بشیر مرزا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو اکمل یاسین نے کی۔ کارروائی کے دوران واسا کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کے علاوہ پنجاب پولیس کی نفری بھی موجود تھی۔
سینئر اسپیشل مجسٹریٹ واسا عامر اشفاق قریشی نے اس موقع پر کہا کہ نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کے لیے آخری موقع فراہم کیا جا رہا ہے، مقررہ مدت کے اندر ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کے پانی کے کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریونیو ریکوری مہم کا مقصد واسا کے واجبات کی بروقت وصولی اور ادارے کے مالی وسائل کو مستحکم کرنا ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت یا امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ انہوں نے نادہندگان پر زور دیا کہ وہ مزید کارروائی سے بچنے کے لیے اپنے واجبات فوری ادا کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ واسا کی ریونیو ریکوری مہم راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بلاامتیاز جاری رہے گی اور واجبات کی عدم ادائیگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔







