ڈپٹی کمشنر صوابی نے تحصیل کمپلیکس ٹوپی میں خواتین کے لئےقائم کیے گئے ویٹنگ روم و بچوں کے لئے نرسری روم کا افتتاح کیا

ڈپٹی کمشنر صوابی نے تحصیل کمپلیکس ٹوپی میں خواتین کے لئےقائم کیے گئے ویٹنگ روم و بچوں کے لئے نرسری روم کا افتتاح کیا

پشاور۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ نے تحصیل کمپلیکس ٹوپی میں خواتین کے لیے قائم کیے گئے ویٹنگ روم اور بچوں کے لیے نرسری روم کا افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر صوابی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ نے کہا کہ عوام کو سرکاری اداروں میں بہتر، باعزت اور سہل ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے ایسی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کمپلیکس ٹوپی میں مختلف سرکاری محکموں سے متعلق امور کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں خواتین آتی ہیں، اس لیے ان کے لیے باعزت انتظار گاہ اور بچوں کے لیے نرسری روم کا قیام ایک اہم عوام دوست اقدام ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عوامی فلاحی منصوبے کے قیام میں تعاون کرنے والے سماجی کارکنان، گدون انڈسٹریل سٹیٹ اور چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولت کے لیے ایسے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔یہ سہولت اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی ڈاکٹر یمین ثناء کی نگرانی میں سے سماجی کارکنان ، گدون انڈسٹریل سٹیٹ اور چیمبر آف کامرس کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔