ای بز کے ذریعے درجنوں کاروباری سہولیات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں ،کمشنرسرگودہا ڈویژن

ای بز کے ذریعے درجنوں کاروباری سہولیات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں ،کمشنرسرگودہا ڈویژن

سرگودھا۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ ای بز کے ذریعے 100سے زائد کاروباری سہولیات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے تاجروں کو مختلف این او سیز اور دیگر اجازت ناموں کے حصول کے لیے مختلف محکموں کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی۔ انہوں نے دورہ بھلوال کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے۔ کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور بالخصوص تاجر برادری کو ای بز کے ذریعے دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تاجروں کو ایک این او سی کے لیے مختلف محکموں کے چکر لگانا پڑتے تھے، تاہم اب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بیشتر سہولیات گھر بیٹھے آن لائن دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے تاجروں کو اعتماد میں لیا جائے اور ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہ سکیں اور تجاوزات کا خاتمہ بھی ممکن ہو۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ کارروائی کے دوران بڑے ہولڈرز اور تجاوزات قائم کرنے والوں کو ترجیح دی جائے اور ریڑھی بانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کے روزگار کو بلاوجہ متاثر نہ کیا جائے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق اب کسی بھی دکان یا کاروباری مرکز کو ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر سیل نہیں کیا جائے گا۔انسپکشنز کو باقاعدہ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا جبکہ کاروباری مراکز کی سیلنگ کے لیے ڈپٹی کمشنر سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگا تاکہ تاجر برادری کا اعتماد بحال رہے اور کاروباری سرگرمیاں بلاوجہ متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہمیں باہمی تعاون سے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کے دروازے کھلے ہیں اور جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ بھلوال میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تقریباً 6 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، ڈرین، سٹریٹ لائٹس اور بارشی پانی کی نکاسی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

سرگودھا، بھلوال روڈ کو دو رویہ بنانے کے لیے بھی ورکنگ کی جا رہی ہے جبکہ بھلوال میں پانچ سہولت بازاروں کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ تاجروں کی سہولت کے لیے مختلف محکموں کی جانب سے غیر ضروری انسپکشن کا سلسلہ ختم کیا جا رہا ہے اور انسپکشن کو باقاعدہ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای بز کے ذریعے این او سیز کا آن لائن نظام متعارف کرایا گیا ہے جس سے کاروباری افراد کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کاروباری طبقے کو سہولت دینا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر تاجر رہنمائوں اور دیگر نے اپنے مسائل، تجاویز اور سفارشات سے آگاہ کیا اور کاروباری طبقے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز چودھری محمد اکمل اور اسسٹنٹ کمشنر بھلوال وحید گوندل بھی موجود تھے۔