یورپی بلاک لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی تعیناتی کا حامی ہے ، کاجا کیلس

یورپی بلاک لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی تعیناتی کا حامی ہے ، کاجا کیلس

بیروت۔9اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجا کیلس نے کہا ہے کہ یورپی بلاک لبنان میں کسی بھی سکیورٹی خلا سے بچنے کے لیے اقوام متحدہ کے امن دستوں کی تعیناتی کا حامی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کا لبنانی علاقوں سے انخلا ضروری ہے۔ اسی پس منظر میں یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ نے بیان میں کہا کہ یورپی بلاک لبنان میں فوجی خلا پیدا کرنے کے حق میں نہیں ہے اس لیے اقوام متحدہ کے امن دستوں کی تعیناتی میں توسیع ہونی چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ لبنانی فوج کے لیے یورپی یونین جلد ایک تربیتی مشن کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ تربیتی مشن لبنانی فوج اور یورپی ممالک کے درمیان تعلقات کی سطح کو بلند کرنے کا باعث بنے گا۔ کاجا کیلس ان دنوں لبنان کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے رکن ممالک کا موقف ہے کہ لبنان میں کوئی فوجی خلا پیدا نہیں ہونا چاہیے اس لیے ہر کوئی لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل )کے مینڈیٹ کے سلسلے میں تشویش رکھتا ہے کہ اس کا مینڈیٹ ختم نہ کر دیا جائے۔ یورپی لیڈر نے لبنان میں اعلی لبنانی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران بھی انہوں نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کی تعیناتی کو اہم قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ یو این آئی ایف آئی ایل کے تقریباً 7500 اہلکار لبنان میں امن دستوں کی صورت تعینات ہیں۔

ان کا تعلق تقریباً 50 ممالک سے ہے۔ یہ دستے 1978 سے لبنان اسرائیل سرحد پرلبنان میں تعینات ہیں۔ ان کی تعیناتی کی مدت 31 دسمبر کو اختتام پذیر ہو گی۔ 10 کلومیٹر کے اس لبنانی علا1قے کو اسرائیلی فوج نے مقبوضہ علاقہ قرار دینے کی بجائے سکیورٹی زون کا نام دیا اور اب تک وہاں اسرائیلی فوج موجود ہے۔ البتہ جون میں دونوں ممالک نے امریکی نگرانی میں ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ جس کے تحت حزب اللہ کو غیر مسلح کیا جائے گا اور اسرائیلی فوج لبنانی علاقوں سے انخلا کرے گی۔لبنانی حکام بھی بار بار اقوام متحدہ کے امن دستوں یعنی یو این آئی ایف آئی ایل کے مینڈیٹ میں توسیع کے لیے مطالبہ کر چکے ہیں۔ لبنانی صدر جوزف عون کے دفتر نے کاجا کیلس کے موقف کی حمایت کی۔