وزیراعظم شہباز شریف سے ذیابیطس کے بین الاقوامی و قومی طبی ماہرین کی ملاقات، مرض کی روک تھام کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذیابیطس جیسے بڑھتے ہوئے صحت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے علاج کے ساتھ ساتھ بیماری کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند معمولاتِ زندگی اپنانے کے حوالے سے عوامی آگاہی کو قومی …

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذیابیطس جیسے بڑھتے ہوئے صحت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے علاج کے ساتھ ساتھ بیماری کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند معمولاتِ زندگی اپنانے کے حوالے سے عوامی آگاہی کو قومی سطح پر فروغ دیا جائے۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ذیابیطس کےبین الاقوامی اور قومی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں صدر بین الاقوامی اینڈوکرائنولوجی سوسائٹی ڈاکٹر سید عباس رضا کی قیادت میں مختلف ممالک کے طبی ماہرین شامل تھے،ملاقات میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، سید مصطفی کمال، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار برتھ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں، بالخصوص کالجوں اور جامعات کے طلبا میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ٹیلی ویژن، ریڈیو، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق معلومات عام کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ذیابیطس کی روک تھام کے لیے قومی ترجیحات کے مطابق واضح پالیسی اور قابلِ عمل منصوبہ بندی ناگزیر ہے،اس ضمن میں متعلقہ ادارے تحقیق، آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مربوط حکمتِ عملی مرتب کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے،بین الاقوامی تجربات، تحقیق اور بہترین عملی طریقوں سے استفادہ کرتے ہوئے ملک میں بیماری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔طبی ماہرین کا وفد پاکستان میں اینڈوکرائنولوجی سیمینار میں شرکت کے لیے موجود ہے ، وفد کے شرکاء نے ذیابیطس اور دیگر امراض کی روک تھام کے حوالے سے حالیہ اقدامات اور پالیسی کے نفاذ کی تعریف کی،وفد کے شرکاء نے پاکستان میں ذیابیطس کی روک تھام اور عوام کے لیے آگاہی مہم میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستانی طبی ماہرین پوری دنیا میں ذیابیطس اور دیگر امراض کے علاج اور روک تھام کے لیے انتہائی اہم خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔