چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا ہے کہ ٹریفک ایجوکیشن کو تعلیمی نصاب کا حصہ ہونا چاہیے تاکہ بچے ابتدائی عمر سے ہی ٹریفک قوانین، سائن بورڈز اور سڑک پر محفوظ آمدورفت کے اصولوں سے آگاہ ہو سکیں
ٹریفک ایجوکیشن کو تعلیمی نصاب کا حصہ ہونا چاہیے، سی ٹی او

مزید خبریں
راولپنڈی۔12اکتوبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا ہے کہ ٹریفک ایجوکیشن کو تعلیمی نصاب کا حصہ ہونا چاہیے تاکہ بچے ابتدائی عمر سے ہی ٹریفک قوانین، سائن بورڈز اور سڑک پر محفوظ آمدورفت کے اصولوں سے آگاہ ہو سکیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار تعلیمی اداروں میں جاری ٹریفک آگاہی مہم کے حوالے سے کیا۔ سی ٹی او کی ہدایت پر ٹریفک ایجوکیشن ونگ کی جانب سے سکولوں میں بچوں کو ٹریفک قوانین اور سائن بورڈز کے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ریڈی روڈ میپ کے ذریعے انہیں عملی مشقیں بھی کروائی جا رہی ہیں۔فرحان اسلم نے کہا کہ بچوں کے لیے دنیاوی اور دینی تعلیم کے ساتھ ٹریفک ایجوکیشن بھی ضروری ہے تاکہ ہر بچہ یہ جان سکے کہ سڑک پر اسے کس طرح ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ چلنا ہے۔
ٹریفک قوانین کو سمجھنا اور ان پر عمل کرنا حادثات سے محفوظ رہنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی اچھی تربیت اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ زندگی انمول ہے اور غیر ذمہ دارانہ رویوں کے باعث اسے حادثات کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔سی ٹی او راولپنڈی نے کہا کہ بچوں اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات جاری رکھی جائیں گی تاکہ محفوظ سفر کے اصولوں کو عام کیا جا سکے۔







