ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر اور اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ سیدوالا کا دورہ

:ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر اور اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب و ضلع کے دیگر افسران کے ہمراہ سیدوالا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے تعمیر ہونے والے 74 بیڈڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر لیول ہسپتال، سابقہ رورل ہیلتھ سینٹر کی عمارت

ننکانہ صاحب۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر اور اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب و ضلع کے دیگر افسران کے ہمراہ سیدوالا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے تعمیر ہونے والے 74 بیڈڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر لیول ہسپتال، سابقہ رورل ہیلتھ سینٹر کی عمارت، یونین کونسل آفس اور مین بازار میں ریڑھی بازار کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سینٹر سے اپ گریڈ ہونے والے 74 بیڈڈ ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی، درپیش مسائل اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ نئی آسامیوں کی منظوری کا عمل جاری ہے اور منظوری ملتے ہی ہسپتال میں ضروری تعیناتیوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔دورے کے دوران سابقہ رورل ہیلتھ سینٹر کی عمارت کو قابلِ استعمال بنانے اور یونین کونسل کی جگہ کو ماڈل ریڑھی بازار میں تبدیل کرنے کے امور بھی زیرِ بحث آئے

تاکہ دستیاب سرکاری عمارتوں اور جگہوں کو عوامی مفاد میں مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے اور بازار میں تجاوزات کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے۔ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر نے سیدوالا کے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتال کو مزید فعال اور بہتر بنانے کی ضرورت جبکہ رورل ہسپتال کی پرای بلڈنگ کو گرلز کالج میں تبدیل کرنے پر زور دیا انہوں نے ہسپتال میں ڈائلاسسز سینٹر کے قیام اور دیگر وارڈز کی تعمیر کے لیے متعلقہ اعلیٰ حکام کو سفارشات بھجوانے کے حوالے سے بھی ڈپٹی کمشنر کی توجہ مبذول کروائی۔ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت کی سہولیات میں بہتری، سرکاری عمارتوں کے مؤثر استعمال اور شہری مسائل کے حل کے لیے متعلقہ امور کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد سیدوالا میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔