جرائم کا خاتمہ اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات ہیں،ڈی پی او خانیوال

ڈی پی او محمد عابد نے کہا ہے کہ ضلع خانیوال میں امن و امان کا قیام، جرائم کا خاتمہ اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات ہیں، پولیس افسران اپنے فرائض دیانت داری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں جبکہ جرائم کی روک تھام

خانیوال ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):ڈی پی او محمد عابد نے کہا ہے کہ ضلع خانیوال میں امن و امان کا قیام، جرائم کا خاتمہ اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات ہیں، پولیس افسران اپنے فرائض دیانت داری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں جبکہ جرائم کی روک تھام، مقدمات کی مؤثر تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔ خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے ساتھ منعقدہ کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کرائم میٹنگ میں ایس پی انویسٹی گیشن شاہد رشید، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران ضلع بھر میں جرائم کی مجموعی صورتحال اور پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اشتہاری و مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل توجہ سے سنیں اور قانون کے مطابق فوری داد رسی یقینی بنائیں۔انہوں نے تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر مقدمے کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کی جائے، کسی بے گناہ شخص کو بلاجواز مقدمے میں ملوث نہ کیا جائے۔