پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے بسوں، ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں میں خطرناک اوورلوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبہ بھر میں گنجائش سے زائد مسافر بٹھانے اور گاڑیوں کی مقررہ حدود سے باہر غیر محفوظ انداز میں سامان لے جانے والی گاڑیوں کی نشاندہی …
ننکانہ صاحب ،سیف سٹی کا اوورلوڈنگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، رواں ماہ 11 ہزار 752 ای چالان جاری

مزید خبریں
ننکانہ صاحب۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے بسوں، ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں میں خطرناک اوورلوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبہ بھر میں گنجائش سے زائد مسافر بٹھانے اور گاڑیوں کی مقررہ حدود سے باہر غیر محفوظ انداز میں سامان لے جانے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق رواں ماہ خطرناک اوورلوڈنگ کی خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 11 ہزار 752 ای چالان جاری کیے گئے ہیں۔ سیف سٹی کے ورچوئل ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور اے آئی بیسڈ کیمروں کے ذریعے خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جس سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گنجائش سے زائد مسافر بٹھانے کی 6 ہزار 204 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ گاڑیوں کی مقررہ حدود سے باہر سامان لے جانے کی 5 ہزار 548 خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔
خلاف ورزیوں کی نشاندہی پر متعلقہ فیلڈ فورس کو فوری اطلاع دی جاتی ہے تاکہ موقع پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں، بسوں اور دیگر گاڑیوں پر سامان کی غیر محفوظ ترسیل کی خصوصی نگرانی جاری ہے۔ گاڑیوں سے باہر نکلے ہوئے سریے، لوہے کے راڈز اور دیگر بھاری سامان نہ صرف سڑک پر سفر کرنے والوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کے لیے جان لیوا حادثات کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ اسی طرح بسوں میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانا بھی انسانی جانوں کو سنگین خطرات سے دوچار کرتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی بروقت نشاندہی اور متعلقہ فیلڈ فورس کے ذریعے کارروائیوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، محفوظ سفری ماحول کی فراہمی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے واضح کیا کہ خطرناک اوورلوڈنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی حفاظت کو خطرے میںھ ڈالنے والی خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔








