کتوں کے ساتھ جنگلی سور کا غیر قانونی شکار کرنے اور پرندوںکی نیٹنگ پر 3ملزم گرفتار، ترجمان

سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیرِ قیادت محکمہ جنگلی حیات کی صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیرِ قیادت محکمہ جنگلی حیات کی صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں لاہور ریجن میں کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی قانونی شکار کرنے اور ساہیوال اور بہاولپور ریجن میں بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ کرنے پر 3ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 5نیٹنگ گیئر ضبط کرلئے گئے جبکہ تینوں ملزمان کو 1لاکھ 10ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیئے گئے۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر شیخوپورہ نے کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی شکار میں ملوث 2ملزم موقع پر گرفتار کرکے انہیں مبلغ80ہزار روپے جرمانہ کیااور کیس نمٹا دیا۔ اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اوکاڑہ سرفراز حسین نے بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ کرنے پر1ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 1نیٹنگ گیئر ضبط کیااور ملزم کو 30ہزار روپے جرمانہ کیا

جبکہ دومختلف کارروائیوں میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر بہاولپور ریجن مجاہد کلیم کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر بہاولپور اور رحیم یارخان نے بٹیر کے 4نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔