شہید پولیس اہلکار نوراللّٰہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن باجوڑ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی

باجوڑ کے علاقہ لوئی سم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار نوراللّٰہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی

پشاور۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):باجوڑ کے علاقہ لوئی سم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار نوراللّٰہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔

ترجمان باجوڑ پولیس کے مطابق نمازِ جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ، ایس پی انویسٹیگیشن، پولیس افسران و جوانوں، سول انتظامیہ، شہید کے اہلِ خانہ، عمائدینِ علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈی پی او باجوڑ نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ پولیس اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، دہشتگرد ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ پولیس، سول انتظامیہ اور عسکری ادارے امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔ دہشتگرد عناصر کے خلاف بھرپور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔آخر میں شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔