صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ناقص اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کریک ڈان تیز کر دیا گیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، خضدار، ژوب، پشین اور ڈیرہ اللہ یار میں حالیہ کارروائیوں کے دوران 18 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے عائد، 42 کو اصلاحی نوٹسز جاری اور 3 یونٹس سیل کر دیے گئے جن میں ایک نمکو مینوفیکچرنگ یونٹ اور تیل …
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی تابڑ توڑ کارروائیاں، 3 فوڈ یونٹس سیل، 18 پر جرمانے عائد، 42 کو اصلاحی نوٹسز جاری

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ناقص اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کریک ڈان تیز کر دیا گیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، خضدار، ژوب، پشین اور ڈیرہ اللہ یار میں حالیہ کارروائیوں کے دوران 18 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے عائد، 42 کو اصلاحی نوٹسز جاری اور 3 یونٹس سیل کر دیے گئے جن میں ایک نمکو مینوفیکچرنگ یونٹ اور تیل تیار کرنے والے یونٹس شامل ہیں۔کارروائیوں کے دوران ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، بیکریوں، آٹا چکیوں، واٹر پلانٹس، پکوان ہاسز، جنرل اسٹورز، جوس کارنرز اور دیگر فوڈ بزنس مراکز کا معائنہ کیا گیا۔ ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت میں کوتاہی، زائدالمیعاد اشیا کی موجودگی، خوراک کی نامناسب اسٹوریج، حشرات کی موجودگی اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال پر مختلف مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران مشرقی بائی پاس، سریاب روڈ اور شہر کے صنعتی علاقے غیر صحت بخش کچن، زائدالمیعاد شوارما اور ناقص صفائی پر ایک ریسٹورنٹ جبکہ بیکری مصنوعات پر تاریخِ تیاری و تنسیخ درج نہ کرنے پر ایک بیکری کو جرمانہ کیا گیا۔ صنعتی علاقے میں جانوروں کی چربی سے تیل تیار کرنے والے یونٹس کے معائنے کے دوران ضلعی انتظامیہ نے دو یونٹس سیل کیے جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر ایک نمکو مینوفیکچرنگ یونٹ کو بھی سیل کر دیا گیا۔
اس طرح علمدار روڈ، مری آباد اور نچاری روڈ پر بھی کارروائیاں کرتے ہوئے ملک شیک و جوس شاپ میں گندے بلینڈر، غیر معیاری پانی اور ناقص صفائی، جنرل اسٹور میں زائدالمیعاد مشروبات اور مصنوعات کی تاریخیں مٹانے جبکہ پکوان ہائوس میں فنگس زدہ ریفریجریٹر، کھلے نکاسی آب اور خوراک کی نامناسب اسٹوریج پر جرمانے عائد کیے گئے۔ معمولی نقائص پر 6 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے اور لائسنس کی تجدید کے لیے بھی تنبیہ کی گئی۔مزیدبراں پشین کے علاقے کربلا میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے 23 فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اشیا خورونوش کی فروخت پر 3 یونٹس کو جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ اور گردونواح میں ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت میں کوتاہی، کھلے کوڑے دان، ریفریجریٹرز کی خراب حالت، خوراک کی نامناسب اسٹوریج، حشرات کی موجودگی اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال پر ایک ہوٹل اور ایک آٹا چکی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے۔علاوہ ازیں ڈیرہ اللہ یار میں بی ایف اے کی زونل انسپیکشن ٹیم نے بیکریوں، بیکنگ یونٹ، ریسٹورنٹ اور واٹر فلٹر پلانٹ سمیت مختلف مراکز کا معائنہ کیا۔ ناقص صفائی، مصنوعات پر تاریخِ تیاری و تنسیخ درج نہ کرنے، کچی اور پکی خوراک کو ایک ساتھ رکھنے، ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال، حشرات کی موجودگی اور مقررہ معیاری طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے
جبکہ معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ریسٹورنٹس، بیکریوں اور دیگر فوڈ بزنس یونٹس میں صفائی، حفظانِ صحت اور معیاری خوراک کی فراہمی سے متعلق وضح کردہ اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ڈی جی بی ایف اے نے واضح کیا کہ عوامی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا اور فوڈ سیفٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔







