دفتر محتسب پنجاب کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

دفتر محتسب پنجاب کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر جمعرات کو ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کے لیے پنجاب محتسب کے دفتر کی جانب سے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کا خصوصی اہتمام کیا گیا

لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):دفتر محتسب پنجاب کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر جمعرات کو ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کے لیے پنجاب محتسب کے دفتر کی جانب سے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

ترجمان کے مطا بق اس دورے میں 19 ممالک سے تعلق رکھنے والے 53 مندوبین نے شرکت کی، جن میں پاپوا نیو گنی، جمہوریہ کرغزستان، اٹلی، نائیجیریا، سوئٹزرلینڈ، روس، زیمبیا، یوکرین، انڈورا، ترکیہ، مکاو، بحرین، تیمور لیستے اور فلپائن سمیت مختلف ممالک کے مندوبین اور ویسٹ کیپ پولیس محتسب شامل تھے۔اس دورے کے دوران مندوبین نے شاہی قلعہ لاہور، بادشاہی مسجد ،ایچی سن کالج اور واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔مندوبین نے پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے، دلکش فنِ تعمیر اور پرتپاک مہمان نوازی کو سراہا۔

انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ لاہور کی تاریخ و ثقافت سے براہِ راست آگاہی نے ان کے دورے کو مزید بامقصد بنا دیا اور انہیں پاکستان کی تاریخ، ثقافتی تنوع اور لاہور کی روزمرہ زندگی کی رونقوں کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔مندوبین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے تجربات نہ صرف مختلف اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ مختلف ممالک کے عوام کے درمیان دیرپا روابط اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس دورے نے پاکستان کے مثبت عالمی تشخص، ثقافتی گہرائی اور بین الاقوامی دوستی و عوامی روابط کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔