راولپنڈی ،میڈیکل یونیورسٹی میں پوسٹ گریجویٹ انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز راولپنڈی فضائل مدثر کی زیر صدارت پوسٹ گریجویٹ انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر صدر اختر ملک، پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پوسٹ گریجویٹ انٹری ٹیسٹ 25 اکتوبر 2026ء کو راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد ہوگا

راولپنڈی۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز راولپنڈی فضائل مدثر کی زیر صدارت پوسٹ گریجویٹ انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر صدر اختر ملک، پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پوسٹ گریجویٹ انٹری ٹیسٹ 25 اکتوبر 2026ء کو راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد ہوگا، جس میں 1500 سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ امتحان صبح 10 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک ہونگے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضائل مدثر نے ہدایت کی کہ امتحانی عمل کے پُرامن اورشفاف انعقاد کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے امتحانی اوقات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، سکیورٹی کے مؤثر انتظامات، امیدواروں اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کے لیے ویٹنگ ایریاز، پارکنگ، میڈیکل کیمپ اور ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی سروس کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امتحانی مرکز اور اس کے گردونواح میں امتحان کے روز امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں اور امتحان کے دوران عملے، امیدواروں اور شہریوں کی سہولت کو ترجیح دیں۔ انتظامات کی نگرانی اور مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری کے لیے اسسٹنٹ کمشنر صدر اختر ملک کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔