ضلع کے تمام ایس ایچ اوز روزانہ سہ پہر 3 سے شام 5 بجے تک دفاتر میں موجود رہیں گے، ڈی پی او سیالکوٹ

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز روزانہ سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک اپنے دفاتر میں موجود رہیں گے تاکہ شہری اپنے مسائل اور شکایات کے حل کے لیے براہِ راست متعلقہ ایس ایچ او سے ملاقات کر سکیں

سیالکوٹ۔15اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز روزانہ سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک اپنے دفاتر میں موجود رہیں گے تاکہ شہری اپنے مسائل اور شکایات کے حل کے لیے براہِ راست متعلقہ ایس ایچ او سے ملاقات کر سکیں۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق شہری مقررہ اوقات کے دوران تھانوں میں جا کر اپنی شکایات، مسائل اور پولیس سے متعلق امور کے بارے میں متعلقہ ایس ایچ او سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد تھانے کی سطح پر شہریوں کی شکایات کا فوری، مؤثر اور شفاف انداز میں ازالہ یقینی بنانا اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ کی ہدایت پر کیے گئے اس اقدام سے پبلک سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید فعال اور عوام دوست بنانے میں مدد ملے گی۔سیالکوٹ پولیس عوام کی خدمت، تحفظ اور داد رسی کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں کو بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔