راولپنڈی ،فضائی آلودگی میں اضافے اور سموگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے شہر کے مختلف علاقوں میں نگرانی اور عوامی آگاہی مہم شروع کردی
راولپنڈی ،فضائی آلودگی میں اضافے اور سموگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے شہر کے مختلف علاقوں میں نگرانی اور عوامی آگاہی مہم شروع کردی

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):فضائی آلودگی میں اضافے اور سموگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے شہر کے مختلف علاقوں میں نگرانی اور عوامی آگاہی کی سرگرمیاں مزید مؤثر بنا دی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر کی نگرانی میں شکریال، فیض آباد، پیرودھائی اور گرجا روڈ سمیت کمرشل مارکیٹ میں انسدادِ سموگ آگاہی مہم چلائی گئی،ایس پی اے راولپنڈی کے انٹی لٹرنگ سکواڈ نے مجموعی طور پر 430 انسپکشنز میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی پر 65 وارننگ نوٹس جاری کیے ، دکانداروں، تاجروں اور شہریوں کو واضح پیغام دیا گیا کہ کھلے عام کوڑا پھینکنا اور کچرے کو آگ لگانا ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتا ہے، جس کے اثرات انسانی صحت اور ماحول دونوں پر مرتب ہوتے ہیں
کمیونیکیشن ٹیم نے کمرشل مارکیٹ میں آگاہی مہم کے دوران شہریوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے اور انہیں صفائی کے اصولوں پر عمل درآمد، کچرے کو مناسب جگہ ٹھکانے لگانے اور دھوئیں کے اخراج سے گریز کرنے کی تلقین کی۔اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ سموگ کی روک تھام صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ شہریوں، دکانداروں اور کاروباری مراکز کے منتظمین کو بھی اس قومی و سماجی ذمہ داری میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا عزم ہے کہ مسلسل نگرانی، مؤثر آگاہی اور عوامی تعاون کے ذریعے صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے اور فضائی آلودگی میں کمی لانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔







