کمشنر ملتان کا وہاڑی میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ جمنیزیم کی اپ گریڈیشن پر 10 کروڑ روپے خرچ

کمشنر ملتان ڈویژن عامرکریم خان نے ضلع وہاڑی کا دورہ کیا اورملتان وہاڑی روڈ، پروٹوٹائپ جمنیزیم، علامہ اقبال پارک، محمدی پارک اور ریل بازار میں جاری ترقیاتی و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔کمشنرنے میتلہ چوک کے قریب ملتان وہاڑی روڈ کے سیکشن کا معائنہ کیا

ملتان۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامرکریم خان نے ضلع وہاڑی کا دورہ کیا اورملتان وہاڑی روڈ، پروٹوٹائپ جمنیزیم، علامہ اقبال پارک، محمدی پارک اور ریل بازار میں جاری ترقیاتی و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔کمشنرنے میتلہ چوک کے قریب ملتان وہاڑی روڈ کے سیکشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع وہاڑی کی حدود میں سڑک کا بیشتر کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔کمشنر نے آبادیوں کے قریب ڈرین کی تعمیر سمیت باقی ماندہ کام آئندہ 10 سے 12 روز میں مکمل کرنے اور سڑک کے اطراف شجرکاری تیز کرنے کی ہدایت کی۔بعدازاں کمشنر نے پروٹوٹائپ جمنیزیم وہاڑی میں انٹر تحصیل کراٹے چیمپئن شپ اور میٹ ریسلنگ چیمپئن شپ کے مقابلے دیکھے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور رکن صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید کے ہمراہ کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔ کمشنر کو جمنیزیم کی بحالی، پی یو فلورنگ، پری فیب روف سسٹم، سول ورک، انڈور اسپورٹس کمپلیکس اور فٹنس سینٹر کے تعمیراتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے بتایا کہ جمنیزیم کی اپ گریڈیشن پر 10 کروڑ روپےخرچ کیے گئے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ جدید کھیلوں کی سہولیات نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے، جسمانی فٹنس بہتر بنانے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔کمشنر نے علامہ اقبال پارک، محمدی پارک اور ریل بازار میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ علامہ اقبال پارک میں لینڈ سلائیڈز کو ہموار کرکے رنگا رنگ تعلیمی تھیمز بنانے، معیاری گھاس اور موسمی پھول لگانے کی ہدایت کی۔ محمدی پارک میں زیر زمین واٹر اسٹوریج ٹینک، پارک اور لائبریری کی بحالی کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے لائبریری میں مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے لیے خصوصی سیکشن قائم کرنے اور طلبہ و طالبات کو رہنمائی فراہم کرنے پر زور دیا۔ریل بازار میں کمشنر نے فواروں کو خوبصورت رنگ دینے، لائٹس کی مناسب دیکھ بھال اور بیوٹیفکیشن کے کام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔