پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں 34 فیصد اضافہ، دو ہفتوں میں 3 لاکھ 24 ہزار سے زائد لائسنس جاری
پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں 34 فیصد اضافہ، دو ہفتوں میں 3 لاکھ 24 ہزار سے زائد لائسنس جاری

مزید خبریں
لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں ریکارڈ34 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صوبہ بھر میں3 لاکھ24 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس دوران لاہور ٹریفک پولیس نے60 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے۔اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں ایک لاکھ49 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جبکہ75 ہزار سے زائد شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔اسی طرح ایک لاکھ سے زائد شہریوں نے لرننگ،ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی جبکہ ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گم شدہ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق1300 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے۔مزید برآں ایک لاکھ20 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا جبکہ ایک لاکھ95 ہزار سے زائد شہریوں نے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈائون لوڈ کیے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور صوبہ بھر میں اس خلاف ورزی کے مرتکب افراد کےخلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شہریوں کو باقاعدہ تربیت حاصل کرنے کے بعد ڈرائیونگ کی ترغیب دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ سیکھنے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے فروغ سے صوبے میں مہلک ٹریفک حادثات میں35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے خدمت مراکز،لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے استفادہ کریں تاکہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دیا جا سکے۔








