قصور، صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ہر فرد کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ناگزیر ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد اور ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قصور محمد سیف کی زیرِ نگرانی پنجاب فوڈ اتھارٹی قصور کے زیرِ اہتمام ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے خصوصی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا

قصور۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد اور ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قصور محمد سیف کی زیرِ نگرانی پنجاب فوڈ اتھارٹی قصور کے زیرِ اہتمام ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے خصوصی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا مقصد شہریوں میں محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی اہمیت اجاگر کرنا اور خوراک کے معیار سے متعلق شعور بیدار کرنا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قصور محمد سیف نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ہر فرد کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ غیر معیاری، ملاوٹی اور مضرِ صحت اشیائے خورونوش انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنتی ہیں، اس لیے خوراک کی تیاری، ذخیرہ کرنے اور فروخت کے ہر مرحلے پر صفائی اور معیار کے اصولوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد کو فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کا پابند بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ اشیائے خورونوش خریدتے وقت معیار، صفائی، تیاری اور میعادِ استعمال کا خاص خیال رکھیں اور خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔محمد سیف نے مزید کہا کہ ورلڈ فوڈ ڈے منانے کا بنیادی مقصد خوراک کی اہمیت، غذائیت، فوڈ سیفٹی اور صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوامی صحت کے تحفظ اور محفوظ خوراک کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔واک کے ذریعے شہریوں کو پیغام دیا گیا کہ محفوظ خوراک کا انتخاب، صفائی کے اصولوں کی پابندی اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خورونوش کا استعمال ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔