امریکی صدر نے روس سے متعلق اہم پابندیاں اور محصولات معطل کر دیے
امریکی صدر نے روس سے متعلق اہم پابندیاں اور محصولات معطل کر دیے

مزید خبریں
واشنگٹن۔17اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ دستخط کیے گئے قانون کے تحت روس سے متعلق اہم امریکی پابندیوں اور محصولات کو نافذ ہونے سے چند روز قبل معطل کر دیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ چھوٹ دینا امریکا کے قومی مفاد میں ہے۔
اس قانون کے بنیادی محرک جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم تھے، جو اب وفات پا چکے ہیں۔ قانون کے تحت روسی خام تیل یا گیس کے پانچ بڑے درآمد کنندگان سے امریکا آنے والی تمام اشیا ءپر 30 دن کے اندر 100 فیصد تک محصولات عائد کیے جانے تھے۔
اس کے علاوہ ایسے کسی بھی ملک پر بھی محصولات عائد کیے جا سکتے تھے جو قانون کے نفاذ کے 30 دن بعد جان بوجھ کر روس سے تیل یا گیس خریدتا یا ان پانچ بڑے ممالک میں شامل ہوتا جو روس کو پابندیوں سے بچنے میں مدد دے رہے تھے۔
ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا ہے کہ یہ چھوٹ اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ڈونلڈ ٹرمپ یا ان کے اعلیٰ حکام یہ فیصلہ نہیں کر لیتے کہ مزید کارروائی مناسب ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر کے وسط میں ’’لنڈسے او گراہم سینکشننگ رشیا اینڈ ایران ایکٹ 2026‘‘ پر دستخط کیے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ فیصلہ ان کے اس بیان کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا نے عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے روس سے ڈیزل خریدنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اقدام 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل کیا جا رہا ہے۔








