انگلینڈ کی خواتین فٹ بال ٹیم کی ہیڈ کوچ سرینا ویگ مین نے انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ معاہدے میں 2 سال کی توسیع پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد وہ یورو 2029 کے اختتام تک ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔ بی بی سی کے مطابق سرینا ویگ مین کا سابقہ معاہدہ آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ کے بعد ختم ہونا …
انگلینڈ کی ویمنز فٹ بال ٹیم کی کوچ سرینا ویگ مین کے معاہدے میں 2029 تک توسیع

مزید خبریں
لندن۔19اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کی خواتین فٹ بال ٹیم کی ہیڈ کوچ سرینا ویگ مین نے انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ معاہدے میں 2 سال کی توسیع پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد وہ یورو 2029 کے اختتام تک ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔ بی بی سی کے مطابق سرینا ویگ مین کا سابقہ معاہدہ آئندہ سال ہونے والے عالمی کپ کے بعد ختم ہونا تھا۔56 سالہ ڈچ کوچ سرینا ویگ مین کی قیادت میں انگلینڈ نے یورو 2025 کے فائنل میں سپین کو شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ یورپی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں میں سے کسی بھی ٹیم نے پہلی مرتبہ بیرون ملک کسی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کیا۔سرینا ویگ مین نے معاہدے میں توسیع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر بہت خوش ہیں اور فٹ بال میں اس سے بہتر ذمہ داری کا تصور نہیں کر سکتیں۔ ان کے مطابق اس وقت ان کی اولین ترجیح عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنا اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا ہے۔
انگلینڈ نے گزشتہ ہفتے یونان کو مجموعی طور پر 1-8 سے شکست دے کر عالمی کپ کوالیفائنگ پلے آف کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی، جہاں اس کا مقابلہ یوکرین سے ہوگا۔ اس مرحلے میں کامیابی کی صورت میں انگلینڈ آئندہ سال برازیل میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔سرینا ویگ مین نے ستمبر 2021 میں فل نیویل کی جگہ انگلینڈ کی کوچنگ سنبھالی تھی۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے 2022 کی یورپی چیمپئن شپ کے فائنل میں جرمنی کو 1-2 سے ہرا کر پہلی مرتبہ بڑا بین الاقوامی اعزاز جیتا۔ اس کے بعد انگلینڈ 2023 کے عالمی کپ کے فائنل میں بھی پہنچا، تاہم سپین کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کھا گیا۔یورو 2025 کے فائنل تک رسائی کے ساتھ سرینا ویگ مین مسلسل 5 بڑے بین الاقوامی فائنلز تک پہنچنے والی پہلی مرد یا خاتون کوچ بنیں۔ وہ اس سے قبل نیدرلینڈز کو 2017 کی یورپی چیمپئن شپ جتوا چکی ہیں اور 2019 کے عالمی کپ کے فائنل تک بھی لے گئی تھیں۔ یورو 2025 کی فتح کے بعد وہ مسلسل 3 یورپی چیمپئن شپ جیتنے والی تاریخ کی دوسری کوچ بن گئیں۔
انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ مارک بلنگھم نے ویگ مین کو غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل کوچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑے ٹورنامنٹس میں ان کا ریکارڈ بے مثال ہے۔ ان کے مطابق ویگ مین انگلینڈ کی خواتین فٹ بال ٹیم کی ترقی اور مستقبل کے بڑے مقابلوں میں کامیابی کے لیے اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔معاہدے میں توسیع کے بعد ویگ مین کی توجہ اب عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے اور 2027 کے عالمی کپ میں کامیابی حاصل کرنے پر مرکوز ہوگی، جبکہ ان کا طویل مدتی ہدف 2029 کی یورپی چیمپئن شپ تک ٹیم کی قیادت جاری رکھنا ہے۔








