سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیرِ قیادت پنجاب میں محکمہ جنگلی حیات کی غیرقانونی شکاریوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ موثر انداز سے جاری ہے جس کے نتیجے میں وائلڈلائف رینجرز گجرات،سالٹ رینج ، میانوالی ، سرگودھا اور ملتان ریجن نے فالکن
غیرقانونی شکاریوں کیخلاف کارروائیاں،10ملزم گرفتار،جرمانے عائد

مزید خبریں
لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیرِ قیادت پنجاب میں محکمہ جنگلی حیات کی غیرقانونی شکاریوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ موثر انداز سے جاری ہے جس کے نتیجے میں وائلڈلائف رینجرز گجرات،سالٹ رینج ، میانوالی ، سرگودھا اور ملتان ریجن نے فالکن،بٹیر و دیگر جنگلی پرندوں کی غیرقانونی نیٹنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران 10ملزم موقع پر گرفتار کرکے کثیر تعداد میں آلات شکار اور معاون شکاری پرندے ضبط کرلئے اور 3ملزمان کو مبلغ 2لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ 7ملزمان کیخلاف مختلف تھانوں میں ایف آئی آر درج کرادیں ۔
تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز گجرات نے فالکن کے غیرقانونی شکار میں مصروف 2شکاریوں کو موقع پر گرفتار کرکے ان سے 2کبوتر ، 2چکیاں،ایک سیل فون اور ایک دوربین برآمد کرکے ان کیخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی ۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع چکوال مرزا عابد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تیترز اور بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ میں مشغول 3شکاریوں کو گرفتار کرکے انہیں 2لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیئے۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع ملتان اسد سجاد نے اپنی ٹیم کیساتھ ایئر گن کیساتھ جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار میں مشغول ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کرکے اس کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی ۔
اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر میانوالی ریجن محمد حسین گشکور ی کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز میانوالی نے فالکن کی ایک شکار پارٹی کا تعاقب کیا اور موقع سے ایک ملزم گرفتار کرکے اس کے غیرقانونی قبضہ سے 10کبوتر اور 10جال برآمد کرکے مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرا دی جبکہ ایسی ہی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع بھکر طارق خان نے فالکن کے غیرقانونی شکار میں ملوث 3بدنام شکاریوں کو موقع پر گرفتارکرکے انکے قبضہ سے 2چکیاں،کبوتر اور جال وغیرہ برآمد کرکے مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی ۔








