گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 5 دسمبر 2026 کو ہوگا،چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغۂ شجاعت) نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014 میں حالیہ ترامیم کے بعد باہمی مشاورت سے گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات چار درجاتی نظام کے تحت منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے

گلگت۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغۂ شجاعت) نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014 میں حالیہ ترامیم کے بعد باہمی مشاورت سے گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات چار درجاتی نظام کے تحت منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس نظام میں ڈسٹرکٹ کونسل، یونین کونسل، دیہی علاقوں کی سطح پر کمیٹیاں اور شہری علاقوں میں میونسپل ادارے شامل ہوں گے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں گلگت، چلاس اور سکردو کی تین میونسپل کارپوریشنز میں انتخابات 5 دسمبر 2026 کو منعقد ہوں گے، جس کے لیے وارڈ بندی اور دیگر ضروری انتخابی مراحل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ باقی سات اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسلوں، یونین کونسلوں اور متعلقہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات اپریل 2027 میں منعقد کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ تین میونسپل کارپوریشنز کے قیام کے تحت شہری علاقوں میں بلدیاتی نمائندگی کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے عوام کو اپنے مقامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور منتخب نمائندوں کے ذریعے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا موقع میسر آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ گلگت میونسپل کارپوریشن کی آبادی ایک لاکھ 54 ہزار کے لگ بھگ ہے

جہاں 42 عمومی نشستوں پر براہِ راست انتخاب ہوگا جبکہ خواتین، غیر مسلموں، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے مخصوص نشستوں سمیت مجموعی طور پر 52 نشستیں ہوں گی۔اسی طرح چلاس میونسپل کارپوریشن میں 13 عمومی نشستوں سمیت مخصوص نشستوں کو ملا کر مجموعی طور پر 18 نشستیں ہوں گی جبکہ سکردو میونسپل کارپوریشن میں 21 عمومی نشستوں اور مخصوص نشستوں سمیت مجموعی طور پر 28 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ تینوں میونسپل کارپوریشنز میں میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدے بھی قائم ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انتخابی عمل کی نگرانی اور متعلقہ امور کی انجام دہی کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقرری کا عمل جاری ہے جبکہ انتخابی تنازعات اور کاغذاتِ نامزدگی سے متعلق اپیلوں کی سماعت کے لیے مجاز عدالتی افسران کی تقرری بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہو۔ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور باہمی تعاون کے ذریعے امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

راجہ شہباز خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے اس بنیادی جمہوری حق کے منتظر تھے۔ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد عوامی نمائندگی کو مضبوط بنانے، مقامی سطح پر مسائل کے فوری حل اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 5 دسمبر 2026 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں، انتخابی عمل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے علاقے کے لیے اہل، دیانت دار اور باصلاحیت نمائندوں کا انتخاب کریں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات، انصاف اور ترقی کے ثمرات ان کی دہلیز پر فراہم کیے جا سکیں۔