فیصل آباد بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ اوّل 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ،65178 امیدوار کامیاب

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ (اول سالانہ) پارٹ اوّل، گیارہویں جماعت کے امتحانات 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمٰن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

فیصل آباد۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ (اول سالانہ) پارٹ اوّل، گیارہویں جماعت کے امتحانات 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمٰن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق نتائج کا اعلان صبح 10 بجے کیا گیا، جبکہ نتائج بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی جاری کردیئے گئے۔

کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمٰن کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ اوّل کے امتحان میں مجموعی طور پر 105663 طلبا و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 65178 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے گھروں و تعلیمی اداروں کے قریب امتحانی مراکز کے قیام کے لیے مجموعی طور پر 324 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔اس موقع پرچیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ، جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال اور طلباء و طالبات کو بروقت سہولیات کی فراہمی بورڈ کی اولین ترجیحات ہیں۔ نتائج کی بروقت تیاری اور اعلان کے لیے تمام متعلقہ شعبوں نے مربوط انداز میں کام کیا تاکہ طلباوطالبات اور ان کے والدین کو مقررہ وقت پر نتائج کی سہولت میسر آسکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی تعلیم دوست پالیسیوں اور تعلیمی نظام میں بہتری کے وژن کے تحت تعلیمی بورڈ فیصل آباد امتحانی نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی مسلسل محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے ناکام رہنے والے طلباء و طالبات کو مایوس نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کرکے آئندہ امتحانات کے لیے بھرپور تیاری کریں کیونکہ محنت، لگن اور مسلسل کوشش سے تعلیمی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ نتائج کی تیاری اور بروقت اجراء کے لیے تمام متعلقہ شعبوں نے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں ادا کیں۔ امتحانی امور کی مؤثر نگرانی، مختلف شعبوں کے درمیان مربوط رابطے اور انتظامی معاملات کی بروقت تکمیل کے باعث نتائج کا اعلان مقررہ وقت پر ممکن ہوا۔کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمٰن نے بتایا کہ امتحانات کے انعقاد، جوابی کاپیوں کی جانچ، نتائج کی تیاری اور حتمی جانچ پڑتال کے تمام مراحل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام میں شفافیت اور نتائج کی درستگی کو یقینی بنانا بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے لیے متعلقہ عملے نے محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جو امیدوار اپنے حاصل کردہ نمبروں سے مطمئن نہیں ہیں وہ 6 نومبر 2026ء تک مقررہ طریقہ کار کے مطابق بورڈ کی سیکریسی برانچ میں ری چیکنگ کی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ قواعد کے تحت امیدوار اپنی جوابی کاپی خود دیکھ کر بھی اطمینان کرسکتے ہیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو ہدایت کی کہ نتائج اور آئندہ تعلیمی مراحل سے متعلق مستند معلومات کے لیے بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔تعلیمی بورڈ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلباء و طالبات کو معیاری امتحانی سہولیات کی فراہمی، نتائج کے بروقت اعلان اور امتحانی نظام میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں