پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور لیگ کو سال بھر فعال رکھنے کے لیے چھ سائیڈ پر مشتمل نئے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غور شروع کر دیا۔پی ایس ایل کے حکام کے مطابق مجوزہ ایونٹ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل سکسز کا نام دیا جا سکتا ہے،جو آف سیزن میں ہانگ کانگ سکسز کی …
پاکستان سپر لیگ میں چھ سائیڈ ٹورنامنٹ متعارف کرانے پر غور

مزید خبریں
لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور لیگ کو سال بھر فعال رکھنے کے لیے چھ سائیڈ پر مشتمل نئے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غور شروع کر دیا۔پی ایس ایل کے حکام کے مطابق مجوزہ ایونٹ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل سکسز کا نام دیا جا سکتا ہے،جو آف سیزن میں ہانگ کانگ سکسز کی طرز پر منعقد کرنے کی تجویز ہے،تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔پی ایس ایل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے کہا کہ نئے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ ایونٹ مختصر دورانیے پر مشتمل ہوگا،جس کے لیے نسبتا کم کھلاڑیوں اور محدود انتظامی وسائل کی ضرورت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ کے ذریعے پی ایس ایل کو پاکستان کے چھوٹے شہروں تک پہنچانے کا موقع بھی مل سکتا ہے،جہاں اب تک لیگ کے میچز منعقد نہیں کیے جا سکے۔ان شہروں میں کرکٹ کے شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔سلمان نصیر کے مطابق اگر اس منصوبے کو عملی شکل دی گئی تو یہ شائقین کے لیے دلچسپ اور تفریحی سرگرمی ثابت ہو سکتا ہے اور مستقبل میں اسے مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی اس سے قبل بھی پی ایس ایل کے موجودہ حقوق کے معاہدے کے تحت اضافی ٹورنامنٹ متعارف کرانے کے امکان پر فرنچائزز اور میڈیا رائٹس پارٹنر سے بات چیت کر چکا ہے۔اس اقدام کا مقصد لیگ سے وابستہ فریقین کے لیے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنا اور پی ایس ایل برانڈ کو سال بھر متحرک رکھنا ہے۔تاہم مجوزہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک اہم چیلنج ہوگی،کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ اور دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب وقت کا انتخاب کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل2020 سے پاکستان میں مکمل طور پر منعقد ہو رہی ہے اور اب تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی اس کے میزبان شہر رہے ہیں۔لیگ کا آغاز 2016 میں متحدہ عرب امارات میں ہوا تھا، جس کے بعد مرحلہ وار میچز پاکستان منتقل کیے گئے۔دوسری جانب پی سی بی اعلان کر چکا ہے کہ2027 میں پی ایس ایل کا شیڈول مسلسل تیسرے سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے متصادم ہوگا۔پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں لیگ کے آئندہ شیڈول، تاریخوں اور کھلاڑیوں کی نیلامی کے مقام سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔








