افتخار علی ملک کا گندم کی امدادی قیمت 4,500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وزیراعظم کی جانب سے آئندہ فصل کے سیزن کے لیے گندم کی امدادی قیمت 4,500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، ایندھن کی بلند قیمتوں اور مسلسل مہنگائی کے دبا ئوکا سامنا کرنے والے کسانوں کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔

لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وزیراعظم کی جانب سے آئندہ فصل کے سیزن کے لیے گندم کی امدادی قیمت 4,500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، ایندھن کی بلند قیمتوں اور مسلسل مہنگائی کے دبا ئوکا سامنا کرنے والے کسانوں کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔

ہفتہ کے روزیہاں جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ زرعی برادری کے تحفظ اور ملکی زرعی معیشت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ کھاد، بیج، ڈیزل اور بجلی سمیت اہم زرعی مداخل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث کسانوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس سے فصلوں کی کاشت پر آنے والی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔افتخار علی ملک نے مطالبہ کیا کہ کھاد، معیاری بیج اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے انہیں مناسب سطح پر لایا جائے، بالخصوص زرعی مقاصد کے لیے بجلی سستی فراہم کی جائے تاکہ شعبہ زراعت کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سستی زرعی مداخل فصلوں کی پیداوار بڑھانے، غذائی تحفظ یقینی بنانے اور کسانوں کی آمدن میں اضافے کے لیے ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک جامع، پائیدار اور مستقل زرعی معاونتی پالیسی، جس پر بروقت عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے، کسانوں کو گندم کی پیداوار بڑھانے، درآمدات پر انحصار کم کرنے اور قومی معاشی استحکام میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گی۔

 

مزید خبریں